لاہور (پاک ٹو ڈے): پنجاب بھر میں موسم گرما کی تقریباً تین ماہ طویل تعطیلات کے اختتام کے ساتھ ہی تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل باقاعدہ طور پر بحال ہو گیا ہے۔ 22 مئی سے 23 اگست تک شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیشِ نظر دی جانے والی چھٹیوں کے بعد آج سے اسکولوں اور کالجوں کی رونقیں دوبارہ لوٹ آئی ہیں۔
تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے پہلے ہی روز لاہور سمیت صوبے کے تمام بڑے شہروں کی اہم شاہراہوں اور اسکول روٹس پر گاڑیوں اور وینز کی آمدورفت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ سڑکوں پر متوقع رش اور ٹریفک کے دباؤ سے نپٹنے کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ تعلیمی اداروں کے اطراف روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی وارڈنز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ ٹریفک حکام نے شہریوں اور خصوصاً والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسکول کے اوقات میں بلا ضرورت سفر سے گریز کریں اور قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔
دوسری جانب محکمہ تعلیم نے تمام اسکولوں اور کالجوں میں اساتذہ و عملے کی 100 فیصد حاضری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ علاوہ ازیں، طلبہ اور اساتذہ کی صحت و سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کی دوبارہ کشادگی سے قبل صفائی ستھرائی کے ناقص نظام کی اصلاح اور ڈینگی سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات اور اسپرے کی مہم بھی مکمل کی جا چکی ہے۔
