سام سنگ کا مقبول نیوز پلیٹ فارم بند کرنے کا اعلان، 21 دسمبر سے سروس ختم ہو جائے گی

سیول (پاک ٹوڈے): جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اپنے گلیکسی اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس پر دستیاب نیوز سروس ’سام سنگ نیوز‘ کو 21 دسمبر 2026 سے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی نے بھارت اور جنوبی کوریا میں صارفین کو 26 اکتوبر کو ان ایپ نوٹیفکیشن کے ذریعے سروس کی بندش سے آگاہ کیا۔ اعلامیے کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد سام سنگ نیوز کا ویجٹ مزید خبروں اور دیگر مواد کی اپ ڈیٹس موصول نہیں کرے گا۔

سام سنگ نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ سروس بند ہونے سے پہلے اپنی ہوم اسکرین سے نیوز ویجٹ ہٹا دیں۔ کمپنی کے مطابق سروس ختم ہونے کے بعد صارفین کے پروفائلز اور ذاتی نوعیت کی سیٹنگز سمیت پلیٹ فارم پر محفوظ ذاتی ڈیٹا بھی حذف کر دیا جائے گا، تاہم قانونی تقاضوں کے تحت بعض معلومات عارضی طور پر محفوظ رکھی جا سکتی ہیں۔

اپریل 2023 میں متعارف کرائی گئی سام سنگ نیوز ایپ نے ’سام سنگ فری‘ کی جگہ لی تھی۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے گلیکسی صارفین مختلف خبر رساں اداروں سے تازہ خبریں، کھیلوں کی اپ ڈیٹس، مالیاتی معلومات اور اپنی دلچسپی کے مطابق مواد حاصل کرتے تھے۔

کمپنی نے تاحال سروس بند کرنے کی وجہ واضح نہیں کی۔ تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گلیکسی فونز کی ہوم اسکرین پر گوگل ڈسکور کو بنیادی نیوز فیڈ کے طور پر شامل کیا جا سکتا ہے، لیکن سام سنگ نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

فی الحال سروس کی بندش سے متعلق نوٹیفکیشن بھارت اور جنوبی کوریا میں سامنے آیا ہے، جبکہ دیگر مارکیٹس کے لیے کوئی حتمی تاریخ جاری نہیں کی گئی۔ صارفین خبروں کے متبادل کے طور پر گوگل نیوز اور گوگل ڈسکور استعمال کر سکتے ہیں۔

Related posts

افغان حکومت نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے امریکی ثالثی کا خیرمقدم کردیا

پاک افغان کشیدگی: سرحدی جھڑپوں کی قیمت کون چکا رہا ہے؟

نوشہرہ میں ایم این اے سید شاہ احد علی شاہ کے گھر پر نامعلوم افراد کا دھاوا، توڑ پھوڑ کی اور چلے گئے