روس میں افغان فوجی وفد کی شمالی کوریا کے دفاعی اتاشی سے ملاقات

کابل (پاک ٹوڈے): جنوبی کوریا کے میڈیا کے مطابق روس میں منعقدہ ’’سنٹر 2026‘‘ فوجی مشقوں کے موقع پر افغان فوجی وفد نے شمالی کوریا کے دفاعی اتاشی رو کی چول سے ملاقات کی۔

رپورٹس کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، فوجی تجربات کے تبادلے، خصوصی تربیت اور ممکنہ تعاون کے مختلف شعبوں پر گفتگو کی گئی۔

افغان وزارت دفاع نے بھی تصدیق کی ہے کہ فوجی وفد نے شمالی کوریا، چین، بھارت اور وسطی ایشیائی ممالک سمیت مختلف ملکوں کے فوجی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔

مولوی نصیب اللہ مدنی کی قیادت میں افغان فوجی وفد روس کی دعوت پر ’’سنٹر 2026‘‘ مشقوں میں شریک ہوا تھا۔ مولوی نصیب اللہ مدنی مشترکہ تربیت اور جنگی تعلیمات کے کمانڈر ہیں۔

مشقوں کے دوران افغان وفد نے جدید فوجی سازوسامان کی نمائش کا بھی دورہ کیا، جہاں بھاری ہتھیاروں، بغیر پائلٹ طیاروں، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں اور روبوٹک نظام سمیت مختلف آلات کا مشاہدہ کیا۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب روس اور افغان حکام کے ساتھ ساتھ شمالی کوریا کے درمیان بھی سیاسی اور فوجی روابط میں اضافے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔

Related posts

آبنائے ہرمز کی بندش، پاکستان نے قطر سے 3 ایل این جی کارگو لینے کا فیصلہ کرلیا

افغان حکومت کا عالمی فوجداری عدالت کے نئے گرفتاری وارنٹس مسترد کرنے کا اعلان

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا سعودی عرب میں فوجی دستے فوری تعینات کرنے پر اتفاق