کابل (پاک ٹوڈے): کابل یونیورسٹی میں افغانستان حکومت کے سربراہ کے فرامین کے اثرات سے متعلق چار روزہ علمی و تحقیقی کانفرنس ایک مشترکہ اعلامیے کے اجرا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔
کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد اسلامی نظام کو مضبوط بنانا، افغانستان حکومت کے سربراہ کے فرامین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا اور نظام کی حمایت میں علماء کے کردار کو مزید مستحکم کرنا تھا۔
کانفرنس کے اختتام پر جاری کیے گئے اعلامیے میں شرکاء نے افغانستان حکومت کے سربراہ کے فرامین کو شریعت کے مطابق قرار دیتے ہوئے ان پر عمل درآمد اور ان کے حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے پر زور دیا۔
اعلامیے میں متعلقہ حکام اور علماء کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
واضح رہے کہ افغان حکومت کے سربراہ نے بھی اس کانفرنس میں شرکت کی، جبکہ کانفرنس کے شرکاء نے انہیں ’’شیخ الاسلام‘‘ کا لقب بھی دیا۔