موغادیشو (پاک ٹوڈے): صومالیہ نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو 72 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا، جبکہ ابوظبی سے اپنا سفیر بھی واپس بلا لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق صومالی حکومت نے متحدہ عرب امارات پر ملکی خودمختاری کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کے اقدامات کو صومالیہ پر ’’کھلا حملہ‘‘ قرار دیا ہے۔
صومالی وزیر اطلاعات عبدی فتح قاسم محمود نے سرکاری خبر رساں ادارے پر نشر ہونے والے بیان میں کہا کہ صومالیہ کے خلاف اماراتی اقدامات میں تعاون کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے تمام صومالی شہریوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے دفاع، خودمختاری، سلامتی، سرزمین اور قومی اتحاد کے تحفظ کے لیے متحد ہو جائیں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی جانب سے صومالیہ کے الزامات اور سفیر کو ملک چھوڑنے کے حکم پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔