بنگلہ دیش: نامعلوم افراد نے نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کے آبائی گھر کو آگ لگا دی

چٹاگانگ (پاک ٹوڈے): بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ میں نامعلوم افراد نے سابق عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر اور نوبیل انعام یافتہ پروفیسر محمد یونس کے آبائی گھر کو آگ لگا دی۔ واقعہ بدھ کی رات شہر کے علاقے پنچلائش میں پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے عمارت کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی۔

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق گھر کی نچلی منزل پر واقع ایک خالی کمرے میں رات تقریباً ساڑھے 11 بجے آگ لگائی گئی۔ علاقے میں معمول کے گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے عمارت سے شعلے اٹھتے دیکھے تو فوری اندر داخل ہو کر آگ پر قابو پا لیا۔

پنچلائش پولیس اسٹیشن کے انچارج مزمل حق نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس آتش زدگی میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق عمارت کی نچلی منزل پر کوئی رہائش پذیر نہیں، جبکہ دوسری اور تیسری منزل پر پروفیسر محمد یونس کے دو بھائیوں کے اہل خانہ رہتے ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بنگلہ دیش کو سیاسی کشیدگی اور پرتشدد واقعات کا سامنا ہے۔ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ نے 19 نومبر کو ملک گیر شٹ ڈاؤن کی اپیل کی تھی۔ جماعت کا احتجاج حکومت کی جانب سے شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے لیے نئی سفری دستاویزات جاری نہ کرنے کے فیصلے کے خلاف ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گزشتہ 10 روز کے دوران بنگلہ دیش کے کم از کم 28 اضلاع میں دیسی ساختہ بموں کے درجنوں دھماکے اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں پولیس اہلکار اور شہری زخمی ہوئے۔

محمد یونس کے قائم کردہ گرامین بینک نے بھی بتایا ہے کہ 10 نومبر سے اب تک ملک بھر میں اس کی کم از کم 37 شاخوں اور دفاتر کو آتش زدگی یا آگ لگانے کی کوششوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

حکام نے ملک میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے پیش نظر سکیورٹی اقدامات سخت کر دیے ہیں اور مختلف علاقوں میں اضافی اہلکار تعینات کیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ محمد یونس کے آبائی گھر میں آتش زدگی کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم تاحال کسی ملزم کی شناخت یا گرفتاری کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

Related posts

پاکستانی وفاقی وزیر مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچ گئے

عالمی عدالتِ انصاف کا تاریخی فیصلہ، میانمار روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار

یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے روس سے مذاکرات پر یورپ آمادہ، معاہدے میں یوکرین کے مفادات کے تحفظ پر زور