راولپنڈی (پاک ٹوڈے): آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران 74 شدت پسندوں کو مار دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کرم میں 3 نومبر سے جاری کارروائیوں کے دوران مختلف جھڑپوں میں 31 شدت پسند مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران میر علی میں 35 اور اورکزئی میں 8 شدت پسندوں کو بھی مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران شدت پسندوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کی گئیں۔
فوج کے ترجمان ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ مارے گئے شدت پسند بھارتی سرپرستی میں سرگرم تھے۔ بیان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں باقی ماندہ شدت پسندوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ حکمت عملی ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
