حافظ نعیم الرحمن کا پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر ہڑتال اور مارچ کا اعلان

کراچی (پاک ٹوڈے): امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ اگر حکومت نے پیٹرولیم لیوی اور بجلی کے زائد چارجز فوری طور پر ختم نہ کیے تو دھرنوں، ملک گیر ہڑتال اور اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا سلسلہ روکا نہیں جائے گا۔

کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جاری دھرنے کے چھٹے دن شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاج کا دائرہ کار اب ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں تک پھیلایا جائے گا۔ حافظ نعیم الرحمن کے مطابق 12 ربیع اول کے بعد 13 ربیع اول کو پورے ملک میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی جس کے لیے تاجر برادری سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے خبردار کیا کہ اگلے مرحلے میں اسلام آباد کی جانب ملک کی تاریخ کا عظیم ترین پیدل مارچ کیا جائے گا اور عوام کا ریلا حکومت کے کسی بھی کنٹینر سے نہیں رکے گا۔ انہوں نے پیٹرولیم لیوی کو عوام پر "بھتہ ٹیکس” قرار دیتے ہوئے حکمرانوں کی عیاشیوں اور آئی پی پیز کے معاہدوں کو ملک کی معاشی تباہی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

Related posts

8 اکتوبر کو پشاور میں پی ٹی آئی لانگ مارچ، روٹ کا تفصیلی شیڈول جاری

مکہ دفاعی معاہدہ: پاکستانی فوج کی سعودی عرب میں موجودگی کی تصدیق

پشاور کے مختلف علاقوں میں موبائل سروس معطل