کابل/بدخشاں (پاک ٹوڈے): افغان میڈیا آؤٹ لیٹ ‘ھندوکش’ نے طالبان کے گرفتار کمانڈر جمعہ خان فاتح اور باغی گروپ ‘جبهه آزادی’ کے نمائندے کے درمیان ہونے والی مبینہ واٹس ایپ وائس کالز کی ریکارڈنگ حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
مبصرین کے مطابق لیک ہونے والی اس آڈیو میں جمعہ خان فاتح کو اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کے لیے ‘جبهه آزادی’ سے مالی اور تسلیحاتی امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ اس گفتگو کے دوران آزادی فرنٹ کا نمائندہ نہ صرف انہیں مالی و عسکری تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے بلکہ طالبان حکومت کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ آڈیو میں بدخشاں کے ولسوالیوں (اضلاع) یفتل اور زیباک میں طالبان پر حملے کرنے کی التجا بھی کی گئی ہے تاکہ حکومتی فورسز پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔
گرفتاری سے قبل جمعہ خان فاتح یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ ان کا کابل حکومت سے کوئی جھگڑا نہیں اور ان کا اختلاف صرف سپیشل فورسز کے قطعات سے ہے، تاہم اس نئی آڈیو کی اشاعت کے بعد ان دعووں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں اور اسے بیرونِ ملک قائم مخالف دھڑوں کے ساتھ ایک باضابطہ اور منصوبہ بند رابطہ قرار دیا جا رہا ہے۔