تہران (پاک ٹوڈے): ایران نے میناب کے ایک اسکول پر امریکی حملے اور سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کے معاملے پر امریکا اور متعدد یورپی ممالک کی عدالتوں میں مقدمات دائر کر دیے ہیں۔
ایران کے نائب صدر برائے قانونی امور مجید انصاری نے بتایا کہ یہ قانونی کارروائیاں ان عدالتوں میں شروع کی گئی ہیں جنہوں نے ان مقدمات کی سماعت کا دائرہ اختیار قبول کیا ہے۔
ان کے مطابق مقدمات کی پیروی دستاویزی شواہد کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ بعض مقدمات پہلے ہی دائر کیے جا چکے ہیں جبکہ دیگر ابھی رجسٹریشن کے مراحل میں ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ انسانی حقوق کے ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا نے 28 فروری کو میناب کے ایک اسکول پر دو فضائی حملے کیے تھے، جن میں 120 بچوں سمیت 178 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔ ماہرین کے مطابق ان حملوں میں ممکنہ طور پر جنگی جرائم کا ارتکاب کیا گیا۔