سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن حسین نقی 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

لاہور (پاک ٹوڈے): سینئر صحافی اور معروف انسانی حقوق کے کارکن حسین نقی 88 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال سے صحافت ایک ایسی توانا آواز سے محروم ہوگئی جس نے پوری زندگی حق گوئی، اصول پسندی اور آزادیٔ اظہار کے لیے جدوجہد کی۔

اہلِ خانہ کے مطابق حسین نقی نے لاہور میں آخری سانس لی۔ ان کی نمازِ جنازہ اتوار کو دوپہر ساڑھے 12 بجے جامعہ المنتظر، ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی گئی۔

حسین نقی کے انتقال پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ حسین نقی نے اپنی پوری زندگی صحافت، آزادیٔ اظہار اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے وقف کیے رکھی۔ جمہوری اقدار کے فروغ اور صحافتی آزادی کے لیے ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حسین نقی کا انتقال صحافت اور جمہوریت کے لیے بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں اصولوں سے کبھی انحراف نہیں کیا اور آزادیٔ اظہار، جمہوری روایات اور انسانی حقوق کے لیے بے خوف ہوکر آواز بلند کرتے رہے۔

وزیراعظم نے سوگوار خاندان، صحافتی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

حسین نقی کی زندگی اس عزم کی مثال رہی کہ صحافت محض خبریں دینے کا نام نہیں بلکہ سچائی، عوامی حقوق اور جمہوری آزادیوں کے دفاع کی ذمہ داری بھی ہے۔ ان کی جدوجہد اور اصول پسندی آنے والی نسلوں کے صحافیوں کے لیے ایک مثال کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔

Related posts

محسن نقوی کی گورنر ہاؤس پشاور آمد، فیصل کریم کنڈی سے اہم ملاقات

صحافیوں کی ملک گیر احتجاجی تحریک، آزادیٔ صحافت اور معاشی حقوق کو سنگین چیلنجز کا سامنا

سندھ میں 10 ماہ کے دوران 1473 افراد قتل، کراچی میں سب سے زیادہ واقعات رپورٹ