بالاکوٹ (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ میں درختوں کے تحفظ کے لیے سرگرم ماحولیاتی کارکن خواجہ مظہر اقبال کو محکمہ جنگلات کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا گیا۔ مقامی عدالت نے اتوار کو ان کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی، تاہم فاریسٹ رینجرز نے عدالت کے باہر سے انہیں دوبارہ حراست میں لے لیا۔
خواجہ مظہر اقبال کو ہفتے کے روز بالاکوٹ کے علاقے ندی بنگلہ کے دورے کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔ ان کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ وہ علاقے میں درختوں کی مبینہ غیر قانونی کٹائی کا معاملہ سامنے لانے کے لیے وہاں گئے تھے۔
ماحولیاتی کارکن انس وحیدی کے مطابق خواجہ مظہر اقبال کی ٹیم نے ندی بنگلہ میں درختوں کی کٹائی کی اطلاعات ملنے پر سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر عثمان خان سے رابطہ کیا اور ان کی اجازت کے بعد علاقے کا دورہ کیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ وہاں سرکاری گیسٹ ہاؤس میں آرا مشین نصب تھی اور درختوں کی کٹائی جاری تھی۔
انس وحیدی کے مطابق ٹیم نے مقامی ٹھیکیدار سے اس بارے میں استفسار کیا تو صورت حال کشیدہ ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں راستہ بند کرکے ٹیم کو ہراساں کیا گیا اور دھمکیاں دی گئیں، جبکہ کئی گھنٹوں تک ان کا رابطہ بھی منقطع رہا۔
دوسری جانب محکمہ جنگلات کی جانب سے درج ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 21 نومبر کو سرکاری عمارت کی مرمت کے دوران خواجہ مظہر اقبال اور ان کے ساتھی جیپ میں وہاں پہنچے اور بیریئر کھولنے کا مطالبہ کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق عملے کی جانب سے تعارف طلب کرنے پر ملزمان نے پتھراؤ کیا، لوہے کے راڈ سے تالا توڑا، عملے کو دھمکیاں دیں اور رقم کا مطالبہ کیا۔
محکمہ جنگلات نے کارِ سرکار میں مداخلت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، بھتہ طلب کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت کارروائی کی استدعا کی ہے۔ تاہم خواجہ مظہر اقبال کی ٹیم نے ایف آئی آر کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
بالاکوٹ کے سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو غیر قانونی حراست میں نہیں رکھا گیا بلکہ کارِ سرکار میں مداخلت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر قانونی کارروائی کی گئی ہے۔
خواجہ مظہر اقبال کا تعلق اسلام آباد اور راولپنڈی سے ہے۔ وہ ’سیو دی ٹریز‘ کے نام سے درختوں کے تحفظ، شجرکاری اور ماحولیاتی آگاہی کے لیے سرگرم ہیں۔ وہ قدیم درختوں کو کٹائی سے بچانے اور مختلف علاقوں میں ماحولیاتی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے لیے بھی کام کرتے رہے ہیں۔