حمید سمسور | نوشکی، پاک ٹوڈے
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں کوئٹہ تفتان شاہراہ پر افغان مہاجرین کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ واقعہ گزشتہ شب کیشنگی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے رکنے کا اشارہ کرنے پر گاڑی نہ روکنے کے بعد فائرنگ کی گئی۔
ضلع نوشکی کے ایک اعلیٰ انتظامی عہدے دار کے مطابق واقعے کے وقت گاڑی کو سیکیورٹی اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا تھا، تاہم گاڑی نہ رکنے پر اہلکاروں نے مشکوک فیلڈر گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ ذرائع کے مطابق گاڑی میں 10 سے زائد افغان شہری سوار تھے۔
فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو سول ہسپتال نوشکی منتقل کر دیا گیا۔
جاں بحق اور زخمیوں کی شناخت
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو افراد کی شناخت داؤد خان اور بلال کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ تیسرے شخص کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
زخمیوں میں عبدالرحمان، عبداللہ، اسرار خان اور اظہار کے نام سامنے آئے ہیں۔ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پاک ٹوڈے کی حکام سے رابطے کی کوشش
پاک ٹوڈے نے واقعے کے حوالے سے بلوچستان کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی شاہد رند سے رابطے کی کوشش کی، تاہم رپورٹ کی تیاری تک ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ نوشکی افغانستان کی سرحد سے ملحقہ ضلع ہے، جہاں افغان باشندوں کی آمد و رفت ہوتی رہتی ہے۔
افغان مہاجرین کی واپسی اور حکومتی مؤقف
پاکستانی حکومت کا مؤقف ہے کہ ملک نے چار دہائیوں سے زائد عرصے تک لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی، تاہم ملکی سلامتی، معاشی دباؤ اور قانونی تقاضوں کے پیش نظر غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی ضروری ہے۔
حکومت نے 2023 میں غیر دستاویزی افغان باشندوں کی واپسی کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں اس عمل کا دائرہ افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے افراد تک بڑھایا گیا، جب کہ جون 2025 میں رجسٹریشن کارڈ رکھنے والے افغان باشندوں کو بھی واپسی کے عمل میں شامل کر لیا گیا۔
حکومت کے مطابق گرفتار کیے جانے والے افراد کو ملک بدر کرنے سے قبل صوبے میں قائم عارضی مراکز میں رکھا جاتا ہے، جہاں سے انہیں سرحدی گزرگاہوں تک منتقل کیا جاتا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کے تحفظات
اقوام متحدہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں نے افغان مہاجرین کی جبری واپسی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی قرار دیا ہے۔
ان تنظیموں کے مطابق واپسی کے عمل کے دوران بدسلوکی، بلاجواز گرفتاریوں اور رشوت طلب کرنے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ متعدد افغان باشندوں نے ملک بدری کے احکامات کے خلاف عدالتوں سے رجوع کیا ہے۔
لاہور میں نسلی پروفائلنگ کی شکایات
انسانی حقوق کمیشن پاکستان کی رپورٹس اور فرائیڈے ٹائمز کی اشاعتوں کے مطابق لاہور میں خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو بھی بعض اوقات ان کے حلیے، لباس اور پشتو زبان بولنے کی بنیاد پر افغان شہری سمجھ کر روکا اور پوچھ گچھ کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق بعض افراد کو دستاویزات کی تصدیق کے دوران حراستی مراکز منتقل کیا گیا، جب کہ پنجاب میں خصوصی ٹیمیں کرایہ داروں کے ڈیٹا کی مدد سے مخصوص آبادیوں میں گھر گھر تلاشی لے رہی ہیں، جس کے باعث مقامی آبادی میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
دوسری جانب حکومت پنجاب ان اقدامات کو سیکیورٹی اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی نشاندہی کے لیے ضروری قرار دیتی ہے۔
افغان باشندوں کی گرفتاری اور واپسی کے اعداد و شمار
یو این ایچ سی آر کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق یکم جنوری سے 31 اکتوبر 2026 تک پاکستان میں گرفتار کیے جانے والے افغان باشندوں کی تعداد 88 ہزار 575 ہو گئی ہے۔
یو این ایچ سی آر کے ترجمان قیصر آفریدی نے پاک ٹوڈے کو بتایا کہ ستمبر 2023 سے اب تک 27 لاکھ 55 ہزار افغان پناہ گزین پاکستان سے واپس جا چکے ہیں، جن میں سے 2 لاکھ 88 ہزار افراد کو جبری طور پر بے دخل کیا گیا۔
ڈسکرپشن: نوشکی میں افغان مہاجرین کی گاڑی پر فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ واقعے کے پس منظر، حکومتی پالیسی، انسانی حقوق کی تنظیموں کے تحفظات اور افغان باشندوں کی واپسی کے اعداد و شمار پر تفصیلی رپورٹ۔
