کراچی (پاک ٹوڈے): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم بنیں جو اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کریں، تاہم موجودہ سیاسی صورتحال میں انہیں عوامی مسائل اور معاشی مشکلات پر توجہ دینے کا موقع نہیں دیا جا رہا۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے مشکل ترین معاشی بحرانوں میں سے ایک سے گزر رہا ہے۔ ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور جنگ کے اثرات کا معاشی بوجھ پاکستان سمیت پورے خطے کے عوام برداشت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنا مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا اور آنے والے دنوں میں مشکلات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ خطے میں امن معاہدہ ہو بھی جائے تو اس کے معاشی اثرات سے نکلنے میں طویل وقت لگے گا۔ دنیا بھر کی حکومتیں عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں، لیکن پاکستان میں سیاسی قیادت عوامی مسائل سے توجہ ہٹا چکی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے سندھ حکومت کے بینظیر ہاری کارڈ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے چھوٹے کسانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ پروگرام سے تقریباً 6 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچانے کا ہدف ہے۔ گندم کے کاشت کاروں کو فی ایکڑ 4 ہزار روپے مالی مدد جبکہ حکومت کو گندم فراہم کرنے پر مزید 2 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے دو مرتبہ انہیں وزیراعظم بنانے میں کردار ادا کیا، ایک مرتبہ ان کی کابینہ میں کام کیا اور اس مرتبہ بھی ان کی حکومت کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے اور معیشت کے بنیادی اشاریے مستحکم کرنے کے لیے کام کیا، تاہم خطے میں جنگ کے باعث معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
بلاول بھٹو کے مطابق وزیراعظم کو اپنا ایجنڈا ترتیب دینے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے نمٹنے کا منصوبہ پیش کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر عوامی مشکلات کے حل کو ترجیح دی جائے۔
