اسلام آباد (پاک ٹوڈے): اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ انہیں جیل میں مناسب طبی سہولیات، اہل خانہ اور وکلا تک رسائی فراہم کی جائے۔
سی این این کی چیف انٹرنیشنل اینکر کرسٹین امان پور کو انٹرویو دیتے ہوئے وولکر ترک نے کہا کہ وہ عمران خان کے معاملے پر پاکستانی حکام سے متعدد مرتبہ بات کر چکے ہیں اور اب عوامی سطح پر بھی ان کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
وولکر ترک کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کی رہائی، ان کے ساتھ مناسب سلوک اور پاکستان میں سیاسی کشیدگی کم کرنے پر زور دیتے ہیں۔ ان کے مطابق عمران خان کی فوری رہائی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعتماد سازی کا اہم اقدام ثابت ہو سکتی ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عمران خان کی طویل قید، صحت اور اہل خانہ سے ملاقاتوں تک رسائی کے معاملات پر سیاسی بحث جاری ہے۔ وہ 1200 دن سے زائد عرصے سے جیل میں ہیں۔
انٹرویو کے دوران کرسٹین امان پور نے عمران خان کی جانب سے ہائی کورٹ کے ججوں کو لکھے گئے خط کا حوالہ بھی دیا، جس میں انہوں نے اپنے حق میں جاری عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔ امان پور کے مطابق عمران خان نے اپنے بیٹوں، وکلا اور دیگر افراد سے ملاقات اور بات چیت کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستانی حکومت عمران خان کے ساتھ ناروا سلوک اور انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم نہ کرنے کے الزامات مسترد کرتی رہی ہے۔ حکومتی مؤقف ہے کہ انہیں جیل میں مناسب دیکھ بھال اور سہولیات حاصل ہیں۔
اس حوالے سے وولکر ترک نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے اور بات چیت جاری رکھے گا، تاہم حکومت کو قیدیوں سے متعلق بین الاقوامی قانونی معیارات کا احترام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال صرف عمران خان کے معاملے تک محدود نہیں، بلکہ انسانی حقوق کے کارکنوں، صحافیوں اور سیاسی مخالفین کی مبینہ من مانی گرفتاریوں پر بھی تشویش پائی جاتی ہے۔
وولکر ترک نے سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے بامعنی مکالمے اور اعتماد سازی کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کو اہل خانہ سے ملاقات، وکلا تک رسائی اور مناسب طبی امداد فراہم کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق ایسے افراد کی رہائی بھی اعتماد سازی کا حصہ ہونی چاہیے جنہیں ان کے بقول جیل میں نہیں ہونا چاہیے۔
وولکر ترک کے بیان سے قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بات کر چکے ہیں اور حکومت پر اعتماد سازی کے اقدامات کرنے پر زور دے چکے ہیں۔
