لاہور (پاک ٹوڈے): پنجاب کے محکمہ داخلہ نے صوبے بھر میں ممکنہ دہشت گردی کے پیشِ نظر 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کسی بھی عوامی مقام، شاہراہ یا موٹروے پر 5 یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں سے اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ کالعدم تنظیمیں صوبے میں شدت پسندانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں، جن میں عوامی مقامات پر خودکش حملوں اور بارود سے بھری گاڑیوں کے استعمال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق ممکنہ حملوں میں جلسے، جلوس اور احتجاج آسان ہدف بن سکتے ہیں، جس کے پیشِ نظر پنجاب پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے پیشگی حفاظتی اقدامات کی سفارش کی تھی۔
نوٹیفکیشن میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے 19 ستمبر کے حکمنامے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، جس میں حکومت کو شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور معمولاتِ زندگی بحال رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
