لاہور (پاک ٹوڈے): مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں طاقت کے مراکز ہیں، ایک ملک میں طاقت کے دو مراکز کیسے ہوسکتے ہیں۔
لاہور میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ ملک کو آئین کے بغیر نہیں چلایا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو نقصان پہنچانے میں سیاسی جماعتوں سمیت مختلف حلقے ذمہ دار رہے ہیں اور سیاستدان بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جنہوں نے ماضی میں سہولت کاری کی۔
سعد رفیق نے کہا کہ وہ ملکی سیاسی جماعتوں سے بددل اور مایوس ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ماضی میں جو کچھ ان کے ساتھ کیا، آج وہی صورتحال ان کے ساتھ پیش آرہی ہے، تاہم کسی بھی فریق کے ساتھ ہونے والے اقدامات کا جواز نہیں بنتا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو غدار قرار دینے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ سعد رفیق کے مطابق ووٹ کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے ہی نئی قیادت سامنے آئے گی۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ملک میں نئے اور چھوٹے صوبے ضرور بننے چاہئیں، تاہم اس کے لیے عوام کے ووٹ کے فیصلے کو تسلیم کرنا ہوگا۔ انہوں نے سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنے کی طرف متوجہ کرے۔
سعد رفیق نے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں لوگ بعض اوقات جھوٹے وعدوں سے متاثر ہوجاتے ہیں اور سیاسی معاملات میں جذباتی فیصلے کرلیتے ہیں۔
