اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں نئی ماڈل جیل تیار ہو چکی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف آئندہ چند روز میں اس کا افتتاح کریں گے، جس کے بعد دارالحکومت کے تمام قیدیوں کو نئی جیل منتقل کر دیا جائے گا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ نئی جیل میں 3 سے 4 ہزار قیدیوں کی گنجائش ہے۔ ان کے مطابق جیل کو ہر لحاظ سے مثالی بنانے اور وہاں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کو نئی جیل منتقل کیے جانے سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کے تمام قیدیوں کو وہاں منتقل کیا جائے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتے کہ جیل سے نکلنے والا ہر قیدی بہتر انسان بن جائے گا، تاہم قیدیوں کی نگرانی اور جیل کے انتظامات کو مؤثر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
