اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے صاحبزادے سلیمان خان نے اپنے والد کی جانب سے چیف جسٹسز کے نام لکھے گئے کھلے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خط انتہائی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو علاج کے لیے عدالتی احکامات کے مطابق شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں سلیمان خان نے کہا کہ ان کے والد اور بشریٰ بی بی کو جیل میں جس ناروا سلوک کا سامنا ہے، وہ پاکستان کے آئین، جیل مینوئل، جیل قوانین اور سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
سلیمان خان نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک سال سے تنہائی میں قید کے باعث عمران خان کا بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں دماغی شریان پھٹنے اور دل کا دورہ پڑنے کے شدید خطرات سے آگاہ کیا ہے۔
ان کے مطابق حکومت سپریم کورٹ کے ان احکامات پر عمل درآمد نہیں کر رہی جن کے تحت عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال میں علاج، اہل خانہ اور ڈاکٹروں سے ملاقاتوں اور اپنے بیٹوں سے باقاعدگی سے فون پر بات کرنے کی سہولت فراہم کی جانی تھی۔
سلیمان خان کا کہنا تھا کہ ان کے والد طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوئی خصوصی رعایت نہیں مانگ رہے بلکہ انسانی حقوق کے عالمی معیارات کے مطابق بنیادی سہولیات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عدالتی احکامات پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے عمران خان کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے اڈیالہ جیل سے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے نام کھلا خط ارسال کیا ہے، جس میں انہوں نے اپنی اور بشریٰ بی بی کی طبی حالت، قیدِ تنہائی، بنیادی حقوق اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے سے متعلق شکایات اٹھائی ہیں۔
خط میں عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں 20 دسمبر 2025 سے روزانہ 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا جا رہا ہے، اہل خانہ اور وکلا سے ملاقاتوں میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں اور مطالعے کے لیے کتابوں اور خبروں کے لیے ٹیلی ویژن تک رسائی بھی نہیں دی جا رہی۔
