اسلام آباد (پاک ٹوڈے): بانی پی ٹی آئی عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی حکومت اپنی عوام سے زیادہ طاقتور نہیں ہوسکتی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں قاسم خان نے کہا کہ پاکستانی عوام کے پاس اب بہت کم راستے رہ گئے ہیں، انہیں یا تو اپنے منتخب رہنما کی گرفتاری، خاندان کی حراست، سیاسی جماعت کو دبانے اور انصاف سے محرومی پر خاموش رہنا ہوگا یا پرامن طور پر باہر نکل کر احتجاج کے بنیادی حق کا استعمال کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو تشدد کی دھمکیاں دی جاسکتی ہیں اور خاندانوں کو گرفتار کیا جاسکتا ہے، لیکن 25 کروڑ پاکستانیوں کو قید نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی پوری نسل کی آواز دبائی جاسکتی ہے۔
قاسم خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام دھمکیوں کے باوجود انصاف کے حصول کے لیے متحد ہوکر اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ خوف کے ذریعے حکمرانی کرنے والے افراد نہیں بلکہ عوام کریں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی کے لیے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور اسلام آباد کے داخلی راستوں پر سیکیورٹی اقدامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
