اسلام آباد (پاک ٹوڈے): ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.49 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کا تناسب 9.66 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں پیاز کی قیمت میں 14.17 فیصد، پیٹرول 3.77 فیصد اور مرغی کا گوشت 3.35 فیصد مہنگا ہوا ہے، جبکہ لہسن اور چنے کی دال کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ دوسری جانب انڈے 5.78 فیصد، ڈیزل 5.15 فیصد اور ٹماٹر 4.99 فیصد سستے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے تو ایک سال میں پیاز کی قیمت میں 132.52 فیصد، ٹماٹر 93.21 فیصد، گندم کا آٹا 62.25 فیصد اور ایل پی جی 51.69 فیصد مہنگی ہوئی، جبکہ آلو، چینی اور مرغی کے گوشت کی سالانہ قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
