باجوڑ(پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے چھٹی پر گھر جانے والا پولیس اہلکار رحمت اللہ ہلاک ہو گیا۔
ضلع باجوڑ کے علاقے عنایت کلے بازار میں قانون نافذ کرنے والے ادارے سے منسلک پولیس اہلکار رحمت اللہ کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ چھٹی ملنے کے بعد اپنے گھر کی طرف جا رہے تھے۔ مسلح ملزمان کی جانب سے اچانک کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ہلاک ہونے والے اہلکار رحمت اللہ کا تعلق تحصیل ماموند کے علاقے لغڑئی سے تھا۔ واقعے کے فوراً بعد لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال خار منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور واقعے کے محرکات کا تعین کیا جا رہا ہے۔
