اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گزشتہ روز کی پریس کانفرنس میں خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے سے واضح مؤقف پیش کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی کی سہولت کاری کے الزامات کے پیچھے سیاست کی آڑ نہیں لی جا سکتی۔ ان کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بات واضح الفاظ میں بیان کی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ریاست دہشت گردی کے خلاف لڑ رہی ہے تو خیبر پختونخوا حکومت کو بھی اس معاملے میں آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ دہشت گردی کے معاملے پر صوبائی حکومت کا مؤقف واضح کیوں نہیں اور پولیس کی استعداد بڑھانے کے لیے مطلوبہ اقدامات کیوں نہیں کیے جا رہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی پریس کانفرنس میں خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے سے تقریباً چارج شیٹ پیش کر دی ہے اور واضح پیغام دیا ہے کہ اب معاملات اس طرح نہیں چلیں گے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ریاست کی موجودگی ہی سیاست اور جمہوریت کی بنیاد ہے، ریاست ہے تو سیاست ہے، ریاست ہے تو جمہوریت ہے اور ریاست ہے تو شہریوں کا وجود اور تحفظ بھی یقینی ہے۔
