لاہور (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ دنیا میں جاری تنازعات کے باعث اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، تاہم عالمی معاشی مشکلات کے باوجود پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ حکومت ٹیکس نظام میں بہتری، عوام کو ضرورت کے مطابق سبسڈی کی فراہمی اور موسمِ سرما میں گیس و بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں تیل اور توانائی کی فراہمی کی صورتِ حال تسلی بخش ہے۔ وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ رواں مالی سال بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔
