اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے نظام کی ناکامی اور ری سیٹ سے متعلق بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ انہیں یہ اختیار کس نے دیا ہے کہ وہ ملک کے نظام کی ناکامی اور اس کی تبدیلی کا طریقہ طے کریں؟
ایک خصوصی انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی کون ہوتے ہیں جو ہمیں بتائیں کہ نظام بیٹھ چکا ہے؟ اگر نظام کو ری سیٹ کرنا ہے تو کیا اس کی ذمہ داری بھی پی سی بی کو دے دی گئی ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ نظام کیسے تبدیل ہوگا اور صوبوں کو تقسیم کیا جائے گا؟
انہوں نے کہا کہ نظام کے بیٹھ جانے اور اسے دوبارہ ترتیب دینے کی بحث انہوں نے شروع نہیں کی، تاہم اگر یہ بحث شروع کی گئی ہے تو انہیں بھی اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق حاصل ہے۔ بلاول کے مطابق نظام کی تبدیلی سیاسی اور جمہوری طریقے سے ہونی چاہیے، نہ کہ کسی غیر آئینی اقدام یا زبردستی کے ذریعے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جعلی ریفرنڈم پر پیسہ خرچ کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کی تقسیم یا کسی بھی صوبے میں تبدیلی کے لیے غیر آئینی طریقہ اختیار نہیں کیا جا سکتا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ اپنے مؤقف اور سچ بیان کرنے کے بعد اب انہیں پیپلز پارٹی کے اندر بھی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کے بقول حالیہ ردعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ بعض حلقوں میں سچ سننے کا حوصلہ نہیں۔
انہوں نے حکومت کے ساتھ اتحاد کے حوالے سے کہا کہ پیپلز پارٹی قومی مفاد میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ وزیراعظم شہباز شریف کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، تاہم اس حکومت اور موجودہ نظام کا بوجھ اٹھانے سے انہیں سیاسی نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اتحادی جماعتوں کی بات سننے کا حوصلہ نہیں تو انہیں حکومتی یا اپوزیشن نشستوں پر بیٹھنے کی کوئی غیر معمولی خواہش نہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ ایک اہم سیاسی فریق، سابق وزیر خارجہ اور پارلیمانی جماعت کے سربراہ ہیں، اس لیے انہیں ملکی نظام اور نئے صوبوں سے متعلق بحث میں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق یہ بحث یک طرفہ نہیں ہو سکتی اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ کاروباری شخصیات یا دیگر حلقوں کی رائے بھی سنی جائے تو مختلف سیاسی مؤقف کو بھی جگہ دینا ہوگی۔
انہوں نے ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے اثرات عالمی معیشت پر پڑے ہیں، جبکہ پاکستان کے عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے پریشان ہیں۔ لوگوں کے لیے بجلی کے بل، پیٹرول، بچوں کی تعلیم اور روزمرہ خوراک کے اخراجات پورے کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کو بھارت، افغانستان، تحریک طالبان پاکستان اور کالعدم بلوچ لبریشن آرمی سے متعلق سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے حالات میں سیاسی محاذ آرائی بڑھانے کے بجائے تمام فریقوں کو عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومت ہر سیاسی جماعت اور فریق سے لڑائی کرے گی تو ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی ذمہ داری کون ادا کرے گا؟
