اسلام آباد / راولپنڈی (پاک ٹوڈے): جڑواں شہروں اور گردونواح میں موسلادھار بارش نے بڑے پیمانے پر ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں جل تھل ایک کر دیا ہے۔ شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس پر ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ کے سائیرن بجا دیے گئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع اور واسا کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کا بہاؤ 17 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پانی کے شدید دباؤ اور طغیانی کی وجہ سے پیرودھائی، ڈھوک کھبہ، صادق آباد اور دیگر ملحقہ گنجان آباد نشیبی علاقوں کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں اور سیلابی پانی متعدد گھروں میں داخل ہو گیا ہے، جس سے شہریوں کا قیمتی سامان تباہ ہو گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور واسا کی ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں اور متاثرہ علاقوں سے پانی کی نقاسی اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
