لیڈز (پاک ٹوڈے): انگلینڈ کے خلاف رواں ہفتے شروع ہونے والی اہم ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انگلینڈ میں کاؤنٹی الیون کے خلاف تین روزہ وارم اپ میچ کے دوران دائیں ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف میچ کے دوسرے روز بابر اعظم 5 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے کہ فاسٹ باؤلر کی گیند ان کے دائیں ہاتھ پر جا لگی، جس کے باعث وہ درد کی وجہ سے ‘ریٹائرڈ ہرٹ’ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کے مطابق بابر اعظم احتیاطاً اس وارم اپ میچ میں مزید حصہ نہیں لیں گے، تاہم امید ہے کہ وہ پیر سے ہیڈنگلے میں شروع ہونے والے پریکٹس سیشن میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بدھ سے ہیڈنگلے، لیڈز میں شروع ہو رہا ہے۔
