لاہور (پاک ٹوڈے): پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں غیر ملکی کنسلٹنٹس کی شمولیت کا امکان ہے، اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ اور نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر مارٹن گپٹل سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی شان ٹیٹ کے ساتھ بولنگ کنسلٹنٹ کی ذمہ داریاں دینے کے لیے بات چیت جاری ہے، جبکہ مارٹن گپٹل سے فیلڈنگ کنسلٹنٹ کے طور پر خدمات حاصل کرنے کے لیے مذاکرات کیے جا رہے ہیں۔
شان ٹیٹ 2022 اور 2023 میں تقریباً ایک سال تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔ وہ کچھ عرصہ قبل تک بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ساتھ بھی کوچ کی حیثیت سے منسلک رہے، تاہم تینوں فارمیٹس میں مستقل کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے وقت نکالنا ان کے لیے ممکن نہیں تھا۔ خاندانی مصروفیات کے باعث انہوں نے بنگلادیش ٹیم سے علیحدگی اختیار کی تھی، جس کے بعد اب انہیں کنسلٹنٹ کے طور پر شامل کرنے کے لیے بات چیت کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مارٹن گپٹل کے ساتھ معاملات طے پانے کے امکانات بھی موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر کو فیلڈنگ کنسلٹنٹ کی ذمہ داری دیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ایشلے نوفکے کے استعفے کے بعد پی سی بی نے بولنگ کوچ کی تقرری کے لیے اشتہار جاری کر رکھا ہے، جبکہ چند ہفتے قبل فیلڈنگ کوچ کے عہدے کے لیے بھی اشتہار دیا گیا تھا۔
