راولپنڈی (پاک ٹوڈے): اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے درمیان ملاقات کرائی گئی، جو 30 منٹ تک جاری رہی۔
جیل انتظامیہ کے مطابق ہفتے کے روز دونوں کی ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی، جس کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کو واپس اپنے اپنے سیل میں منتقل کردیا گیا۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ عمران خان کے طبی معائنے کے بعد یہ دونوں کی پہلی ملاقات ہے۔
اس سے قبل عمران خان اور بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کے لیے تشکیل دی گئی خصوصی میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عارف اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔ جیل حکام کے مطابق ڈاکٹر عارف نے دونوں کا بلڈ پریشر چیک کیا اور آنکھوں کا معائنہ بھی کیا۔
جیل ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹر عارف کو وہاں موجود طبی عملے نے معاونت فراہم کی۔
