پشاور (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبے سے روزانہ 4 ارب روپے کا سونا نکالے جانے کا الزام مضحکہ خیز ہے اور پی ٹی آئی کے خلاف ایک نیا بیانیہ گھڑا جا رہا ہے۔
اپنے بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پورے سال کی آمدن تقریباً 150 ارب روپے ہے، ایسے میں اگر روزانہ 4 ارب روپے کی آمدن ہو رہی ہوتی تو صوبہ آج پیرس بن چکا ہوتا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر اتنی آمدن ممکن ہے تو کان کنی کا ٹھیکہ اختیار ولی کو دے دینا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے غیر قانونی کان کنی اور صوبے سے 80 فیصد سونا افغانستان اسمگل کیے جانے کے الزامات کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے حق میں ٹھوس شواہد سامنے لائے جائیں۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ معدنی وسائل سے صوبے کی آمدن میں اضافہ کرنا غیر قانونی نہیں، بلکہ سائنسی بنیادوں پر کان کنی کے لیے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا جانا چاہیے۔
