غزہ (پاک ٹوڈے): عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے غزہ پٹی میں صحت کے بحران کی شدت میں اضافے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں سانس کی شدید بیماریوں کے 33 ہزار اضافی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
دوسری جانب شدید بارشوں کے باعث بے گھر فلسطینیوں کے خیمہ کیمپ زیرِ آب آ رہے ہیں، جس سے بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق پناہ گاہوں میں حد سے زیادہ بھیڑ، شدید سردی، ہوا کی ناقص آمدورفت اور نم زدہ ماحول انفیکشن کے پھیلاؤ میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔ اس صورتِ حال سے بالخصوص بچے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
ادارے نے بتایا کہ سانس کی بیماریاں پہلے ہی طبی مراکز میں ہونے والے مجموعی طبی معائنے کے 11 فیصد حصے پر مشتمل ہیں۔ سردیوں کی شدت میں اضافے، آلودہ پانی اور لیبارٹری کے ضروری آلات کی قلت کے باعث مزید بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ہے۔
