اسلام الدین ساجد
اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کا 30واں اجلاس اتوار 15 نومبر سے شروع ہوگا، جس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود شرکت کریں گے۔ اجلاس کی میزبانی ایسے وقت میں ہورہی ہے جب پاکستان وسطی ایشیا کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی روابط بڑھانے کی کوشش کررہا ہے، تاہم افغانستان کے ساتھ جاری کشیدگی علاقائی رابطوں کے امکانات کے لیے ایک بڑی رکاوٹ بن رہی ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس 15 اور 16 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔
اجلاس میں ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان کے علاوہ تنظیم کے سیکریٹریٹ اور ذیلی اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
ترکیہ کے زیر انتظام شمالی قبرص کی ترک جمہوریہ کے وزیر خارجہ طاہسین ارتغرلو اوغلو ہفتے کو اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزارت خارجہ کے حکام نے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔ دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور نمائندوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سیاسی اور علاقائی امور کے ماہرین اس اجلاس کو پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی موقع قرار دے رہے ہیں، کیونکہ اس کے ذریعے اسلام آباد کو وسطی ایشیائی ممالک، ترکیہ، ایران اور دیگر علاقائی شراکت داروں کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے اور خود کو ایک علاقائی تجارتی و مواصلاتی مرکز کے طور پر پیش کرنے کا موقع ملے گا۔
افغانستان کی عدم شرکت سفارتی توجہ کا مرکز
اس اجلاس کا ایک اہم پہلو افغانستان کی عدم شرکت ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے موجودہ کشیدہ تعلقات اور اسلام آباد و کابل کے درمیان جاری تناؤ کے باعث افغان طالبان حکومت کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی۔
یہ صورتحال اس لیے بھی اہم ہے کہ افغانستان ای سی او کے دس رکن ممالک میں شامل ہے اور وسطی ایشیا کو پاکستان اور بحیرہ عرب کی بندرگاہوں سے ملانے کے لیے ایک اہم جغرافیائی راستہ فراہم کرتا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی اور مواصلاتی روابط مضبوط بنانے کی خواہش اس وقت تک مکمل طور پر کامیاب نہیں ہوسکتی جب تک افغانستان کے ساتھ تعلقات معمول پر نہیں آتے۔
ان کے مطابق پاکستان کو افغانستان کے ساتھ اپنے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، کیونکہ افغانستان کے راستے پاکستان کو ازبکستان، تاجکستان، ترکمانستان، کرغزستان اور قازقستان کی منڈیوں تک رسائی حاصل ہوسکتی ہے۔
اسی طرح افغانستان کے لیے بھی پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات انتہائی اہم ہیں۔ کابل کو پاکستان کے راستے بحیرہ عرب کی بندرگاہوں اور عالمی منڈیوں تک رسائی مل سکتی ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات سے علاقائی تجارت، ٹرانزٹ اور توانائی کے منصوبوں کو فروغ مل سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی برقرار رہنے کی صورت میں وسطی ایشیا سے جنوبی ایشیا تک براہ راست زمینی رابطوں کے امکانات متاثر ہوتے رہیں گے۔ اس لیے دونوں دارالحکومتوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے اور اختلافات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان کے لیے یہ معاملہ اس لیے بھی اہم ہے کہ وہ نہ صرف وسطی ایشیا بلکہ روس کے ساتھ بھی تجارت اور اقتصادی تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ افغانستان کے راستے علاقائی ٹرانزٹ روابط اس وسیع تر منصوبے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
پاکستان کی صدارت میں کن منصوبوں پر توجہ ہوگی؟
پاکستان 2026-2027 کے لیے ای سی او کے وزرائے خارجہ کی کونسل کی دو سالہ صدارت سنبھال چکا ہے
پاکستان نے علاقائیٹ کی بحالی ، ایک مظبوط اور لکچدار ای سی او کے لئے۔ اپنی صدارت کے لئے موضوع مقرر کیا ہے اور اسلام اباد نے اس لئے جو ترجیحات مقرر کی ہیں اس میں، وسطی ایشیا اور بحیرہ عرب کے درمیان تجارتی اور ٹرانسپورٹ راہداریوں کو مضبوط بنانا، ای سی او کے رکن ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ، خطے میں لاجسٹکس اور سپلائی چین کے نظام کو بہتر بنانا، ڈیجیٹل سهشلیات کط ذریعط ای سی اش ازاد تجارت علاقط کش اغط بڑھانا، موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی افات سے نمٹنے کے لئے علاقائی تعاون اور توانائی، ٹرانسپورٹ اور اقتصادی انضمام کے منصوبوں کو فروغ دینا شامل ہیں ۔
اجلاس سے قبل رکن ممالک کے اعلیٰ حکام کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں تنظیم کی سرگرمیوں، ذیلی اداروں کی کارکردگی اور جاری منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے بعد وزرائے خارجہ اجلاس میں ایجنڈے اور مجوزہ دستاویزات پر غور کیا جائے گا۔
پاکستان کی کوشش ہوگی کہ اجلاس محض سفارتی ملاقاتوں تک محدود نہ رہے بلکہ ایسے عملی فیصلے سامنے آئیں جن سے رکن ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور زمینی رابطوں میں حقیقی بہتری آسکے۔
رواں سال ای سی او سربراہ اجلاس ایران میں ہوگا
ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کا اجلاس ای سی او کا سربراہ اجلاس نہیں ہے۔
تنظیم کا 18واں سربراہ اجلاس رواں سال 3 اور 4 دسمبر کو ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقد ہونے کی توقع ہے، جہاں رکن ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔ اس طرح اسلام آباد میں ہونے والی وزارتی ملاقات کے فیصلے اور مشاورت تہران میں ہونے والے سربراہ اجلاس کے لیے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔
ای سی او کے سربراہان مملکت و حکومت کا اجلاس عموماً ہر دو سال بعد ہوتا ہے، جبکہ وزرائے خارجہ کی کونسل کا اجلاس سالانہ منعقد کیا جاتا ہے۔
پاکستان کے لیے سفارتی اور اقتصادی امتحان
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والا یہ اجلاس پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی موقع ہے، کیونکہ اس کے ذریعے وہ وسطی ایشیا، ترکیہ، ایران اور دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو نئی سمت دے سکتا ہے۔
تاہم اصل کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ پاکستان علاقائی رابطوں کے اپنے منصوبوں کو عملی شکل دینے میں کس حد تک کامیاب ہوتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک طرف ای سی او کی صدارت کے ذریعے خود کو علاقائی تجارتی مرکز کے طور پر پیش کرنا چاہتا ہے، جبکہ دوسری طرف افغانستان کے ساتھ کشیدگی اس کے علاقائی رابطوں کے منصوبوں کے لیے ایک بنیادی چیلنج ہے۔
ان کے مطابق اگر اسلام آباد اور کابل اپنے اختلافات کم کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو اس سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے وسطی اور جنوبی ایشیا کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
اس تناظر میں اسلام آباد کا اجلاس پاکستان کے لیے صرف ایک سفارتی سرگرمی نہیں بلکہ علاقائی اقتصادی مستقبل، افغانستان کے ساتھ تعلقات اور وسطی ایشیا سے روس تک رسائی کے وسیع تر منصوبے کا بھی اہم امتحان ہوگا۔
