پشاور (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کو چند روز تک محدود رکھنے کے بجائے طویل احتجاج میں تبدیل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان نے مارچ کو کئی ہفتوں تک جاری رکھنے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ میں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر سواریوں کے علاوہ پیدل قافلے بھی شریک ہوں گے۔ ملک بھر سے آنے والے قافلوں کو فوری طور پر اسلام آباد میں داخل کرنے کے بجائے شہر سے باہر انتظار کروانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق احتجاج کے دوران کل جماعتی کانفرنس بلانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ لانگ مارچ کی حتمی حکمت عملی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی طے کریں گے، جس کا اعلان کل متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق احتجاج میں اسیران کی رہائی، مہنگائی میں کمی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کے مطالبات شامل ہوں گے، جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج سے متعلق دیگر آپشنز پر بھی غور جاری ہے۔
