گوجرانوالہ (پاک ٹوڈے): امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر دیا۔
گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج پاکستان کے مسائل پر کوئی بولنے والا نہیں، جبکہ عوام کو درپیش موجودہ حالات کی ذمہ داری ایک چھوٹے سے طبقے پر عائد ہوتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ عالمی مارکیٹ کو قرار دیتی ہے، تاہم سوال یہ ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر پٹرولیم لیوی اور بھاری ٹیکسز کیوں عائد کیے جا رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مقامی طور پر حاصل ہونے والے تیل کی قیمت بھی درآمدی تیل کے برابر وصول کی جا رہی ہے، جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ وہ مجبور ہے اور پٹرول کی قیمتیں کم نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے جماعت اسلامی کی ٹیم سے مسلسل مہلت مانگی ہے، تاہم عوام کو درپیش مسائل بدستور برقرار ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کیا جائے گا اور مہنگائی سمیت پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے گزشتہ 27 روز سے ملک کے مختلف شہروں میں پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف دھرنے جاری ہیں۔