پشاور (پاک ٹوڈے): پشاور سیف سٹی منصوبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مرکزی کمانڈ سسٹم کو ڈرون کیمروں اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملک میں پہلی بار ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون نظام کو سیف سٹی منصوبے کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اینٹی ڈرون نظام اپنے ریڈار کی حدود میں پرواز کرنے والے ڈرونز کی نگرانی کرے گا۔ پشاور میں نصب کیا جانے والا ایک اینٹی ڈرون نظام پانچ کلومیٹر کے علاقے کو کور کرے گا، جبکہ مشکوک ڈرون کی نشاندہی پر خودکار الارم بھی جاری کرے گا۔ کسی مشکوک ڈرون کے ریڈار کی حدود میں داخل ہوتے ہی سیف سٹی کنٹرول روم کو الرٹ موصول ہوگا۔
حکام کے مطابق جدید ڈرون ٹیکنالوجی امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفاعی اور آپریشنل حکمت عملیوں میں معاون ثابت ہوگی۔ اس نظام کے ذریعے حساس مقامات، ٹریفک کی صورتحال اور جرائم کی روک تھام کے لیے 24 گھنٹے فضائی نگرانی ممکن ہو سکے گی۔
پولیس کے مطابق پشاور کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور لکی مروت میں بھی سیف سٹی منصوبے کے ساتھ ڈرون نگرانی کا نظام فعال کیا جائے گا۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے متعلقہ کنٹرول رومز صوبے کے مختلف علاقوں میں فضائی نگرانی اور جاری آپریشنز کی براہ راست مانیٹرنگ کر سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون کیمروں سے حاصل ہونے والی براہ راست ویڈیو فیڈ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو آپریشنز کے دوران معاونت فراہم کرے گی، جس سے آپریشنل علاقوں کی نگرانی اور صورتحال کا بروقت جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔