صنعا (پاک ٹوڈے): یمن کے حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں مختلف مقامات پر 26 فضائی حملے کیے ہیں۔
حوثیوں کی جانب سے ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصانات کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ حوثیوں نے جمعے کے روز بھی دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ان کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں مختلف مقامات پر 300 فضائی حملے کیے۔
دوسری جانب سعودی عرب کی حمایت یافتہ یمنی حکومت نے جمعے کو دعویٰ کیا کہ اس کی فورسز نے تعز گورنری کے علاقے ’’الوزیعیہ‘‘ میں جھڑپوں کے دوران 30 حوثیوں کو ہلاک جبکہ 60 سے زائد کو زخمی کیا۔
یمن میں جاری کشیدگی اور جنگ کے پھیلاؤ کے دوران حوثیوں، یمنی حکومتی فورسز اور سعودی عرب کے درمیان حملوں اور جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔