گورنر راج سیاسی طور پر اچھا فیصلہ نہیں، آخری حد تک نہیں جانا چاہتے: امیر مقام

پشاور (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی، تاہم گورنر راج سیاسی طور پر اچھا فیصلہ نہیں اور وفاق بھی آخری حد تک جانے کا خواہاں نہیں۔

پارٹی رہنماؤں زاہد خان اور ثمر بلور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات کے لیے نامزد رہنماؤں کے پاس فیصلے کرنے کے مکمل اختیارات نہیں تھے، جبکہ معاہدے کے مسودے میں چار مرتبہ تبدیلی کی گئی۔ انہوں نے مذاکرات کی ناکامی کو افسوسناک قرار دیا۔

امیر مقام کے مطابق ایک طرف حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات جاری تھے جبکہ دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سوشل میڈیا پر لانگ مارچ شروع کرنے کے اعلانات کرتے رہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبے کو لاوارث چھوڑ کر وزیراعلیٰ ایک نکاتی سیاسی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اور خیبر پختونخوا کے حالات کشیدہ ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا دھرنوں اور احتجاجی سیاست میں مصروف ہیں جبکہ صوبے کے عوام کے مسائل پر توجہ نہیں دی جا رہی۔ ان کے بقول وزیراعلیٰ گزشتہ دو ماہ کے دوران کبھی لاہور اور کبھی سندھ میں رہے، جبکہ صوبے میں حالات روز بروز خراب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے خیبر پختونخوا میں بدعنوانی میں اضافے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے۔ امیر مقام نے صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک آواز بنیں اور امن و امان سمیت دیگر معاملات پر سیاسی جماعتوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال تشویشناک ہے اور عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن صوبے کے عوام کے مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، انہیں امن، بنیادی سہولیات اور بہتر حکمرانی کی ضرورت ہے۔

امیر مقام نے پی ٹی آئی کارکنوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے اپنے کارکن بھی دیکھ رہے ہیں کہ ان کے نام پر کس طرح کی سیاست اور سرگرمیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کی قیادت کرنے والوں کی سرگرمیاں عوام کے سامنے ہیں اور انہیں کسی کے بارے میں الگ سے دعوے کرنے کی ضرورت نہیں۔

Related posts

برقمبر خیل شینکو ایریا میں پولیس کی کارروائی، آئی ای ڈی بارودی مواد ناکارہ بنا دیا گیا

ڈی آئی خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، سکیورٹی فورسز کا 3 شدت پسندوں کو مارنے کا دعوی

پی ٹی آئی لانگ مارچ میں ممکنہ رکاوٹوں کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع