وزیراعظم وعدہ پورا کریں، ورنہ دوبارہ احتجاج شروع کریں گے، حافظ نعیم الرحمن

کراچی (پاک ٹوڈے): امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمنٰ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے دیا جانے والا فیول ریلیف پیکیج مسئلے کا مستقل حل نہیں، پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہی عوام کو حقیقی ریلیف دے سکتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اپنا وعدہ پورا کریں، بصورت دیگر جماعت اسلامی دوبارہ احتجاج شروع کرے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا روانگی سے قبل ان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا اور وطن واپسی پر معاملہ دیکھنے کی یقین دہانی کرائی تھی، جس کے بعد کراچی سے شروع ہونے والا لانگ مارچ مؤخر کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف پیکیج کو مؤثر قرار دے رہی ہے، تاہم اس سے تمام شہری مستفید نہیں ہو رہے اور یہ سہولت تقریباً 20 سے 25 فیصد لوگوں تک محدود ہے۔ پاکستان میں اڑھائی کروڑ موٹر سائیکلیں اور 40 لاکھ سے زائد گاڑیاں ہیں، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں کے لیے بھی کوئی مؤثر ریلیف موجود نہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے احتجاج اور دھرنوں کے بعد ریلیف دینے کی طرف پیش رفت کی، جبکہ اپوزیشن جماعتیں بھی عوامی حقوق کے لیے مؤثر کردار ادا نہیں کر رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ماہانہ 26 ارب روپے کے ریلیف کا اعلان کر رہی ہے، جبکہ عوام سے ماہانہ تقریباً 150 ارب روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بڑی گاڑیوں کے لیے ایندھن مہنگا کیا جا سکتا ہے اور مراعات یافتہ طبقے کے لیے الگ نظام بنایا جا سکتا ہے، تاہم عام شہریوں کو ریلیف ملنا چاہیے۔ ان کے مطابق پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہی اصل ریلیف ہے اور جماعت اسلامی نے حکومت کو اس حوالے سے قابل عمل تجاویز بھی دی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے ایک دن کے لیے بھی دستبردار نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو اپنا وعدہ پورا کرکے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، بصورت دیگر جماعت اسلامی ملتان سے کسی بھی وقت دوبارہ احتجاج کا سلسلہ شروع کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر 2026 تک کا وقت اہل غزہ کے لیے مختص کیا گیا ہے، اس کے بعد جماعت اسلامی اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی، جس کے بعد حکومت کو شکایت نہیں ہونی چاہیے۔

Related posts

برقمبر خیل شینکو ایریا میں پولیس کی کارروائی، آئی ای ڈی بارودی مواد ناکارہ بنا دیا گیا

ڈی آئی خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، سکیورٹی فورسز کا 3 شدت پسندوں کو مارنے کا دعوی

پی ٹی آئی لانگ مارچ میں ممکنہ رکاوٹوں کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع