ریاض حسین| پشاور، پاک ٹوڈے
اسلام آباد: پاکستان بھر میں گندم کی ناکافی فراہمی، بین الصوبائی ترسیل پر پابندیوں اور مبینہ ذخیرہ اندوزی کے باعث آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے کم آمدنی اور متوسط طبقے کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
اکتوبر کے آخری ہفتے سے اب تک ایک لاکھ میٹرک ٹن سے زائد درآمدی گندم ملک پہنچنے کے باوجود صارفین کو قیمتوں میں کوئی خاطر خواہ ریلیف نہیں مل سکا۔ کراچی میں عام آٹے اور فائن آٹے کی قیمت بڑھ کر بالترتیب 180 اور 200 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ عام آٹے کا 50 کلو کا تھیلا تقریباً 8,100 روپے جبکہ فائن آٹے کا تھیلا 9,000 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
اعلیٰ معیار کا چکی کا آٹا ہول سیل مارکیٹ میں 200 روپے اور پرچون میں 215 روپے فی کلو دستیاب ہے۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق کراچی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی اوسط قیمت 3,318 روپے، حیدرآباد میں 3,340 روپے، سکھر میں 3,080 روپے اور لاڑکانہ میں 3,183 روپے رہی۔ پنجاب میں یہی تھیلا لاہور میں اوسطاً 2,478 روپے، فیصل آباد میں 2,705 روپے، گوجرانوالہ میں 2,745 روپے اور راولپنڈی میں 3,028 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔
خیبر پختونخوا بھی گندم کی قلت کا سامنا کر رہا ہے۔ خیبر پختونخوا فلور ملز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی مراد علی نے پاک ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کو روزانہ تقریباً 6,000 میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہے، تاہم حکومت کی جانب سے مارکیٹ میں روزانہ صرف 3,000 میٹرک ٹن گندم فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سردیوں کے مہینوں میں آٹے اور گندم کی کھپت بڑھ جاتی ہے، اس لیے آٹے کی مارکیٹ کو مستحکم رکھنے اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے روزانہ کم از کم 6,000 میٹرک ٹن گندم جاری کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت مل کی سطح پر تقریباً 3,200 روپے تک پہنچ گئی ہے اور گندم کی فراہمی بہتر نہ ہونے کی صورت میں قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
حاجی مراد علی نے گندم کی قلت کی ایک وجہ پنجاب سے دیگر صوبوں کو گندم کی ترسیل پر پابندیوں کو قرار دیا اور کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے بروقت گندم کی خریداری نہ کرنے کے باعث بھی موجودہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔
بلوچستان میں بھی آٹے کی قیمتیں بلند سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ کوئٹہ میں گندم کی 100 کلو کی بوری تقریباً 14,500 روپے جبکہ آٹے کی 100 کلو بوری 16,000 سے 16,200 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
کوئٹہ میں فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندے بدرالدین کاکڑ نے بتایا کہ بلوچستان کو تقریباً 15 لاکھ 100 کلو والی بوریاں گندم درکار ہوتی ہیں، تاہم فلور ملز اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے اوپن مارکیٹ سے گندم خریدنے اور اپنے طور پر سپلائی کا انتظام کرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تاحال نہ تو گندم خریدی ہے اور نہ ہی فلور ملز کو سرکاری گندم جاری کی ہے، جبکہ دیگر صوبوں میں حکومت کی جانب سے گندم فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے گندم پیدا کرنے والے میدانی علاقوں سے کچھ سپلائی آ رہی ہے، تاہم پنجاب اور سندھ سے گندم کی ترسیل پر پابندیوں کے باعث مشکلات درپیش ہیں۔
بدرالدین کاکڑ نے کہا کہ اگر کوئی گندم سے بھرا ٹرک بلوچستان پہنچ بھی جائے تو اضافی ٹرانسپورٹ اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں، جس کا بوجھ بالآخر عام صارفین پر منتقل ہو جاتا ہے۔
بلوچستان اسمبلی میں بھی آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا معاملہ اٹھایا گیا، جہاں جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے توجہ دلاؤ نوٹس کے ذریعے حکومت سے آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے کے اقدامات اور سرکاری گوداموں میں دستیاب گندم کے ذخائر کی تفصیلات طلب کیں۔ جواب میں صوبائی وزیر خوراک نور محمد دمڑ نے بتایا کہ بلوچستان حکومت نے 2024 کے بعد سے گندم نہیں خریدی، تاہم رواں سال پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) سے گندم خریدی جا رہی ہے۔
دوسری جانب گندم کے تاجروں اور صنعت سے وابستہ نمائندوں نے خبردار کیا ہے کہ درآمدی گندم کی موجودہ مقدار اگلی ملکی فصل آنے تک طلب اور رسد کے درمیان فرق ختم کرنے کے لیے ناکافی ہو سکتی ہے۔
سیریل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین مزمل چپل نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ مئی سے حکومت کو رواں سیزن میں تقریباً 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ممکنہ قلت سے آگاہ کر رہے تھے اور نجی شعبے کو کم از کم 20 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
اقتصادی سروے 26-2025 کے مطابق پاکستان میں گندم کی پیداوار گزشتہ سال کے 2 کروڑ 84 لاکھ میٹرک ٹن کے مقابلے میں 4.3 فیصد اضافے کے ساتھ 2 کروڑ 96 لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن رہی۔ تاہم مزمل چپل کے مطابق ملک میں گندم کی سالانہ طلب 3 کروڑ 10 لاکھ سے 3 کروڑ 20 لاکھ میٹرک ٹن کے درمیان ہے۔
اس صنعت سے وابستہ نمائندوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ گندم کی بروقت خریداری یقینی بنائی جائے، بین الصوبائی ترسیل میں غیر ضروری رکاوٹیں ختم کی جائیں، مارکیٹ میں گندم کی مناسب فراہمی برقرار رکھی جائے اور آٹے کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی کی جائے تاکہ اس بنیادی غذائی ضرورت کی قیمتوں میں مزید اضافے کو روکا جا سکے۔
