پشاور (پاک ٹوڈے): خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان خیبرپختونخوا کے 9 شہروں میں بیک وقت جاری ہے، جہاں 59 امتحانی مراکز میں مجموعی طور پر 38 ہزار 845 امیدوار میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے امتحان دے رہے ہیں۔
امتحان میں 18 ہزار 107 طلباء اور 20 ہزار 738 طالبات شریک ہیں۔ تمام امتحانی مراکز میں انتظامات مکمل کیے گئے ہیں، جبکہ ایئرکنڈیشنڈ ہالز میں امتحان پرامن ماحول میں جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے 19 امتحانی مراکز میں 16 ہزار 722 امیدوار، مردان کے 10 مراکز میں 5 ہزار 459، سوات کے 11 مراکز میں 4 ہزار 937 اور لوئر دیر کے 4 مراکز میں 2 ہزار 795 امیدوار امتحان دے رہے ہیں۔
اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان کے 3 مراکز میں 2 ہزار 374، کوہاٹ کے 2 مراکز میں ایک ہزار 560 جبکہ مانسہرہ، ہری پور اور ایبٹ آباد کے مجموعی 9 امتحانی مراکز میں 4 ہزار 997 امیدوار ایم ڈی کیٹ میں شریک ہیں۔
ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان خیبرپختونخوا کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔