ڈی آئی خان (پاک ٹوڈے): ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان تحریک انصاف کے یوتھ ونگ کے کنونشن کی تیاریوں کے دوران رات گئے نامعلوم افراد کی جانب سے حملے اور آڈیٹوریم میں آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پی ٹی آئی کارکنوں کے مطابق تقریباً 50 سے 60 نامعلوم افراد رات 3 بجے کے قریب ڈسٹرکٹ آڈیٹوریم میں داخل ہوئے، جہاں آج 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے یوتھ ونگ کے کنونشن کی تیاریاں کی جا رہی تھیں۔
کارکنوں کے مطابق حملہ آوروں نے آڈیٹوریم میں آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں کرسیاں اور موٹرسائیکلیں جل گئیں، جبکہ وہاں موجود یوتھ ونگ کے کارکنوں کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
واقعے میں یوتھ ونگ کے سرگرم کارکن افعان مروت زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ افعان مروت کے مطابق حملہ آور پنجابی اور پشتو دونوں زبانیں بول رہے تھے اور تشدد کے بعد ان کے سر کے بال اور بھنویں بھی کاٹ دی گئیں۔
پولیس اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔