کوہاٹ پولیس لائنز دھماکہ، جان بحق اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا، آئی جی کا حملہ آوروں تک پہنچنے کا اعلان

پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا پولیس کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز کے مطابق کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز مسجد پر شدت پسندوں کے حملے میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، وزیر اطلاعات شفیع اللہ جان، وزیر قانون آفتاب عالم، جی او سی، کمشنر کوہاٹ سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، جاں بحق افراد کے اہلخانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر کوہاٹ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، جبکہ اعلیٰ حکام کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرنے والوں کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیئے گئے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ جاں بحق افراد کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا اور عسکریت پسندوں کے لیے صوبے کی سرزمین تنگ کردی جائے گی۔

ذوالفقار حمید نے بتایا کہ حملے میں ملوث نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے کارروائی جاری ہے اور سہولتکاروں کو بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

 

Related posts

سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل

ناگویا میں 20ویں ایشین گیمز کا پروقار آغاز: 45 ممالک کے 11 ہزار سے زائد ایتھلیٹس کے درمیان مقابلے جاری

اگر سرحد پار سے دہشتگرد آتے ہیں تو انہیں روکنا کس کی ذمہ داری ہے؟ میاں افتخار حسین