کراچی میں پروٹیکٹر کلیئرنس کے نام پر مبینہ رشوت ستانی کا انکشاف، ایف آئی اے کی تحقیقات شروع

کراچی (پاک ٹوڈے): بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کراچی میں پروٹیکٹر کلیئرنس کے عمل کے دوران مبینہ رشوت ستانی، غیر قانونی رقوم کی وصولی اور بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق چار شہریوں کی شکایت پر ایف آئی اے امیگریشن کی ٹاسک ٹیم نے معاملے کی جانچ پڑتال کی، جس کے بعد مزید کارروائی کے لیے کیس ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی کو بھجوا دیا گیا۔

شکایت کنندگان احمد مختار، محمد نوید، اسد صابر اور احد حسین نے الزام عائد کیا کہ پروٹیکٹر کلیئرنس کے سلسلے میں ایجنٹ ندیم آرائیں نے ان سے مجموعی طور پر 76 ہزار 400 روپے وصول کیے۔

الزامات کی جانچ کے لیے ایف آئی اے کی ٹیم نے شکایت کنندگان کے ہمراہ پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 کراچی میں واقع بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں شہریوں کی نشاندہی پر بیورو کے سابق ملازم ندیم احمد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران ندیم احمد کی جانب سے مبینہ طور پر پروٹیکٹر کلیئرنس کے لیے مقررہ فیس کے علاوہ اضافی رقم وصول کرنے اور اس کی تقسیم کے طریقہ کار سے متعلق معلومات سامنے آئیں۔

ذرائع کے مطابق مکمل دستاویزات ہونے کے باوجود مختلف ممالک کے لیے اضافی رقم وصول کیے جانے کا الزام ہے۔ مبینہ طور پر افریقی ممالک کے لیے 20 ہزار روپے، کینیڈا اور یورپی ممالک کے لیے 10 ہزار روپے جبکہ خلیجی ممالک کے لیے 4 ہزار روپے اضافی لیے جاتے ہیں۔

ایف آئی اے حکام ان الزامات کی آزادانہ تصدیق اور متعلقہ ریکارڈ کی جانچ کر رہے ہیں۔ ابتدائی معلومات میں یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ مبینہ بدعنوانی کے نظام میں نجی اور سرکاری اہلکاروں کا ایک نیٹ ورک ملوث ہے، جو اعلیٰ حکام کو ہفتہ وار بنیادوں پر لاکھوں روپے فراہم کرتا ہے، جبکہ بعض ادائیگیاں مبینہ طور پر امریکی ڈالر میں بھی کی جاتی ہیں۔

تاہم، ان الزامات کی حتمی تصدیق تحقیقات مکمل ہونے اور شواہد سامنے آنے کے بعد ہی ممکن ہوگی۔ ایف آئی اے کی جانب سے معاملے کی مزید چھان بین جاری ہے۔

Related posts

بونیر میں دو فریقین کے درمیان مسلح تصادم، متعدد افراد جاں بحق، ایک زخمی

خیبر: باڑہ بازار کی کئی روز سے بندش، تاجروں اور عوام کو مشکلات

قبائلی اضلاع کے صحافیوں کی دو نئی تنظیمیں قائم، صفدر داوڑ اور ڈاکٹر حمیرا عنبرین سربراہ مقرر