مالاکنڈ (پاک ٹوڈے): تحصیل درگئی کے علاقے مخناولہ زیگ میں گھریلو تنازع پر دو سگے بھائیوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق فائرنگ کا واقعہ چوکی وزیر آباد کی حدود میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں دونوں بھائی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کی شناخت دنیا گل اور اختر گل ولد زیارت گل، ساکنان مخناولہ زیگ کے نام سے ہوئی ہے۔
دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال درگئی منتقل کیا گیا، جہاں اختر گل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ دنیا گل کی تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے ایم ایم سی مردان منتقل کردیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کی وجہ مستورات کا تنازع بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات اور مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔