راولپنڈی (پاک ٹوڈے): راولپنڈی کے علاقے گرجا روڈ پر دعوت میں جانے کے معاملے پر تین رشتہ دار خواتین کے درمیان تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ دوسری زخمی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ دھمیال میں زخمی خاتون نور بی بی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شبانہ بی بی نے سائرہ بی بی کے ساتھ ایک دعوت میں شرکت کرنا تھی، تاہم اس معاملے پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔
مقدمے کے مطابق تلخ کلامی کے دوران سائرہ بی بی نے اپنے شوہر کا پستول الماری سے نکالا اور فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں نور بی بی کے سینے اور شبانہ بی بی کے پیٹ میں گولیاں لگیں۔
دونوں زخمی خواتین کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں شبانہ بی بی دوران علاج دم توڑ گئی جبکہ نور بی بی زیر علاج ہے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ سائرہ بی بی کو گرفتار کرکے واردات میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔