لندن (پاک ٹوڈے): برطانیہ میں گاڑیوں کی چوری کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے، جہاں اوسطاً ہر چار منٹ بعد ایک گاڑی چوری ہوجاتی ہے، جبکہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف فردِ جرم عائد ہونے کی شرح صرف تین فیصد بتائی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں گاڑیوں کی چوری کے واقعات گزشتہ ایک دہائی کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد بڑھ چکے ہیں۔ تحقیقاتی رپورٹ میں اس اضافے کے اسباب میں پولیس فورسز کو درپیش عملے اور وسائل کی کمی کی نشاندہی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق چوری شدہ گاڑیاں کانگو، جمیکا اور دیگر ممالک میں بھیجی جاتی ہیں، جبکہ بعض گاڑیوں کو کھول کر ان کے پرزے الگ کردیے جاتے ہیں تاکہ انہیں مختلف مقاصد کے لیے استعمال یا فروخت کیا جاسکے۔
گاڑیوں کی چوری کے بڑھتے واقعات کے اثرات انشورنس کے شعبے پر بھی پڑ رہے ہیں، جہاں گاڑیوں کی انشورنس کی لاگت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں جرائم کی روک تھام اور چوری شدہ گاڑیوں کی برآمدگی کے لیے پولیس کے وسائل اور کارروائیوں کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی ہے۔