کراچی میں موبائل شاپ پر بڑی ڈکیتی، 70 لاکھ روپے کے موبائل فون لوٹ لیے گئے

کراچی (پاک ٹوڈے): شہر قائد کے علاقے گلشنِ حدید میں ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں رات گئے چھ ملزمان نے تھانہ اسٹیل ٹاؤن کی حدود میں واقع موبائل شاپ کے تالے توڑ کر قیمتی موبائل فون لوٹ لیے۔ دکاندار کے مطابق چوری کیے گئے موبائل فونز کی مالیت تقریباً 70 لاکھ روپے ہے۔

واردات گلشنِ حدید فیز ون میں پیش آئی، جس کی اطلاع پولیس کو دے دی گئی ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں تین ملزمان کو دکان سے قیمتی موبائل فون سمیٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج کے مطابق دو ملزمان نے ماسک پہن رکھے تھے، جبکہ تیسرے ملزم کا چہرہ واضح دکھائی دے رہا ہے۔

موبائل شاپ میں بڑی ڈکیتی کے واقعے پر تاجر برادری میں تشویش پائی جاتی ہے۔ کمیڈا کے صدر محمد منہاج گلفام نے واردات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجروں اور دکانداروں کو ڈکیتی کا نشانہ بنایا جانا انتہائی تشویشناک ہے اور پولیس تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

انہوں نے آئی جی سندھ سمیت اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ گلشنِ حدید میں پیش آنے والی واردات کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹا گیا سامان برآمد کیا جائے۔

Related posts

دیر کالونی اسکول سانحہ: جاں بحق بچوں کے لواحقین کے لیے 10، 10 لاکھ، زخمیوں کے لیے 2، 2 لاکھ روپے امداد کا اعلان

بونیر میں دو فریقین کے درمیان مسلح تصادم، متعدد افراد جاں بحق، ایک زخمی

خیبر: باڑہ بازار کی کئی روز سے بندش، تاجروں اور عوام کو مشکلات