پشاور (پاک ٹوڈے): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ حکام کو حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے شہید بچوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی دردناک سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
گورنر نے اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حادثے کی وجوہات کا مکمل جائزہ لے کر ذمہ داری کا تعین کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جاسکیں۔
فیصل کریم کنڈی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید بچوں کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبرِ جمیل عطا کرے۔