پشاور (پاک ٹوڈے): پشاور کے علاقے دیر کالونی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں 17 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق ہوگئے، جبکہ 17 زخمی بچوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) منتقل کیا گیا ہے۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق 17 بچوں کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا، جبکہ زخمی بچوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ واقعے کے بعد ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ہسپتال انتظامیہ ٹراما سینٹر میں موجود ہے اور امدادی و طبی کارروائیوں کی نگرانی کر رہی ہے۔
ان کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام بچوں کی عمریں 13 سال تک ہیں، جبکہ ایک خاتون ٹیچر کو بھی مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا ہے۔
سانحے کے بعد ہسپتال کے باہر لواحقین کی بڑی تعداد جمع ہوگئی ہے، جو اپنے بچوں اور پیاروں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے منتظر ہیں۔ طبی عملہ زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مصروف ہے۔