کراچی میں رینجرز کے اختیارات اور تعیناتی میں ایک سال کی توسیع کر دی گئی

کراچی (پاک ٹوڈے): سندھ اسمبلی نے کراچی میں رینجرز کے اختیارات اور تعیناتی میں مزید ایک سال کی توسیع کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی قرارداد صوبائی وزیر قانون ضیا لنجار نے سندھ اسمبلی میں پیش کی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ رینجرز نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں ٹارگٹ کلنگ، اسٹریٹ کرائم اور دیگر سنگین جرائم میں نمایاں کمی آئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ کراچی سمیت سندھ میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے رینجرز کی تعیناتی جاری رکھنا ضروری ہے۔ سندھ اسمبلی نے آئین کے آرٹیکل 147 کے تحت رینجرز کی تعیناتی میں مزید ایک سال کی توسیع کی منظوری دی۔ قرارداد کے مطابق رینجرز پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔ دریں اثنا سندھ اسمبلی نے قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کرلی۔ اجلاس کے دوران فاطمیہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، اقرا یونیورسٹی اور بینظیر بھٹو ہیومن ریسرچ بورڈ سے متعلق ترمیمی بلز بھی منظور کیے گئے۔

Related posts

سنٹرل کرم میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر کواڈ کاپٹر حملہ، 3 اہلکار جاں سے گئے۔

کراچی سمیت سندھ میں بارش کی پیشگوئی، اسلام آباد میں آندھی سے گاڑیاں اور اسٹیج تباہ

نیب: درجنوں مقدمات میں سے اب تک صرف 2 میں سزائیں، 41 منتقل یا واپس